انٹرامتحانی نتائج میں بے قاعدگیاں قومی حقوق انسانی کمیشن کی تلنگانہ کونوٹس

   

نئی دہلی 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) قومی حقوق انسانی کمیشن نے حکومت تلنگانہ کو انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں پر نوٹس جاری کی ہے ۔ ان بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں مبینہ طور پر 18 طلبا نے خود کشی کرلی ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ اس نے ایک میڈیا رپورٹ پر از خود ہی نوٹ لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 18 طلبا نے جو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے منعقد ہامتحانات کی شرکت کی تھی وہ ناکام ہوگئے جس کے بعد انہوں نے خود کشی کرلی ہے ۔ اس کے علاوہ کمیشن نے اس بات کا بھی نوٹ لیا ہے کہ ریاست میں اس مسئلہ پر بڑے پیمانے پر احتجاج بھی منظم کیا جا رہا ہے ۔ کمیشن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جانب سے چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ کو ایک نوٹس جاری کی گئی ہے اور اندرون چار ہفتے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے جس میں یہ بھی وضاحت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ حکومت نے اس مسئلہ پر کیا اقدامات کئے ہیں۔ طلبا کو کیا راحت پہونچائی گئی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو کیا مدد فراہم کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکام ہوجانے والے تین لاکھ طلبا اپنے والدین کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔ کمیشن نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ اگر جو خبریں آ رہی ہیں وہ درست ہے تو پھر یہ حکام کی جانب سے سنگین لا پرواہی ہے اور اس سے حقوق انسانی کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔ کمیشن نے از خود نوٹس لیتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو نوٹس جاری کی ہے ۔