انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا آج آغاز

   

ریاست بھر میں 889 مراکز، 3.98 لاکھ امیدواروں کی شرکت، ایک گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پہونچنے کی ہدایت

حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے تحت انٹرمیڈیٹ اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات برائے سال اول اور دوم کا 13 تا 21 مئی انعقاد عمل میں آئے گا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق فرسٹ ایئر کا امتحان صبح 9 تا 12 بجے دن رہے گا جبکہ سیکنڈ ایئر کا امتحان دوپہر 2.30 بجے تا شام 5.30 بجے رہے گا۔ امتحانات کے لئے جملہ 889 مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 327 گورنمنٹ جونیر کالجس، 102 گورنمنٹ سیکٹر جونیر کالجس اور 460 پرائیوٹ جونیر کالجس ہیں۔ سپلیمنٹری امتحانات میں جملہ 398358 امیدوار حصہ لیں گے جن میں فرسٹ ایئر امیدواروں کی تعداد 267285 ہے جبکہ سیکنڈ ایئر میں 131073 امیدوار حصہ لیں گے۔ امتحانات کی نگرانی کے لئے 889 چیف سپرنٹنڈنٹس، 889 محکمہ جاتی عہدیداروں، 10685 انویجلیٹرس، 75 فلائنگ اسکواڈس اور 75 سٹنگ اسکواڈ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فرسٹ ایئر سپلیمنٹری امتحان میں جملہ 267271 امیدوار حصہ لیں گے جن میں بوائز 143322 جبکہ گرلز 123949 ہیں۔ جنرل امیدواروں کی تعداد 250363 ہے جبکہ ووکیشنل امیدوار 16908 ہے۔ سیکنڈ ایئر میں 83692 بوائز اور 47371 گرلز حصہ لیں گی۔ امتحانی پرچہ سوالات اور آنسر بُکس تمام اضلاع کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ ہر فلائنگ اسکواڈ میں 3 عہدیدار شامل رہیں گے۔ ہر ضلع میں عہدیداروں پر مشتمل کوآرڈی نیشن کمیٹی امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لے گی۔ محکمہ برقی کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز پر بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنائے۔ امتحانی مراکز کے قریب واقع زیراکس سنٹرس صبح 9 تا 12 بجے اور دوپہر 2.30 تا 5.30 بجے شام بند رہیں گے۔ امتحانی مراکز پر امیدواروں کے لئے صاف پینے کا پانی، فرنیچر، وال کلاک اور دیگر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ کوئی بھی امیدوار زمین پر بیٹھ کر امتحان نہیں لکھے گا۔ ایسے کالجس جہاں نقل نویسی کی اجازت دی گئی اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر امتحانی مرکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ضلع عہدیداروں کو اسکول کی عمارتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے کرایہ پر حاصل کرنے کی اجازت دی گئی۔ تمام کیمرے انٹیگریٹیڈ سنٹر سے مربوط رہیں گے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے دفتر میں ریاستی سطح کا کمانڈ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ فرسٹ ایئر کے امیدواروں کو امتحان سے ایک گھنٹہ قبل یعنی صبح 8 بجے امتحانی مرکز پہونچنا ہوگا جبکہ سیکنڈ ایئر کے طلبہ دوپہر 1.30 بجے امتحانی مرکز پہونچ جائیں۔ امتحانی مرکز میں کسی بھی طرح کے پرنٹیڈ یا تحریر شدہ میٹریل، سیل فونس، کیلکولیٹر اور کسی بھی الیکٹرانک شئے کی اجازت نہیں رہے گی۔ نقل نویسی یا تلبیس شخصی کی صورت میں کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔ ہال ٹکٹ کے بغیر کسی بھی امیدوار کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی اور امیدوار بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ویب سائیٹ سے کالج لاگ اِن کے ذریعہ ہال ٹکٹ کا پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔V/1