انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر انگلش امتحان میں 20 ہزار طلبہ غیر حاضر

   

سکریٹری اعلیٰ تعلیم کی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ، امیدواروںکیلئے ہیلپ لائین نمبر س کی اجرائی
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات کے تحت آج ریاست میں فرسٹ ایئر انگلش پیپر I کا امتحان منعقد ہوا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق انگلش پیپر I کیلئے 500936 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا جبکہ امتحان میں 480542 امیدواروں نے شرکت کی ۔ 20394 امیدوار غیر حاضر رہے جو مجموعی طور پر 4.07 فیصد ہوتے ہیں۔ کریم نگر میں 3 اور نظام آباد میں نقل نویسی کا ایک معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے آبزرورس نے عادل آباد ، رنگا ریڈی ، کاما ریڈی ، ونپرتی اور میڑچل اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ کسی بھی علاقہ سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ اسی دوران سکریٹری اعلیٰ تعلیم بی وینکٹیشن نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امتحانات کے موثر انعقاد کے علاوہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن شریمتی شروتی آہوجہ اور کنٹرولر امتحانات کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ امتحانات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اخباری اطلاعات پر ناراضگی جتائی جس میں امتحانی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی کمی کا ذکر کیا گیا ۔ سکریٹری اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ متعلقہ جونیئر کالجس انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنیادی سہولتوں کو فراہم کریں۔ سکریٹری اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ طلبہ اپنے کسی بھی مسئلہ پر ہیلپ لائین نمبر 14416 یا 1800-914416 سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 040-24655027 سے ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ امتحانات میں نقل نویسی کو روکنے پر خصوصی توجہ دیں۔ 1