انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے امتحانی پیاٹرن میں بڑی تبدیلی

   

تمام مضامین کیلئے پریکٹیکل لازمی، بورڈ نے مارکس کی تفصیلات بھی جاری کیں
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں جاریہ تعلیمی سال 2026-27 سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے نصاب اور امتحانی طریقہ کار میں اہم تبدیلیاں کی ہیں ۔ اہم سائنس کے ساتھ تمام دیگر مضامین میں بھی پریکٹیکلس (انٹرنل اسسمنٹ) کا نظام متعارف کرایا گیا ۔ بورڈ کے سکریٹری ابھیلاشا ابھینو نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے طلبہ اور پرنسپلس کو کو ہدایت دی ہے کہ وہ امتحان کے نئے ماڈل ، مارکس کی تقسیم اور طریقہ کار کی تفصیلات سے مکمل طور پر وقفیت حاصل کریں۔ سکریٹری کے مطابق تحریری امتحان کیلئے 80 فیصد مارکس اور پریکٹیکل کے لئے 20 فیصد مارکس مختص کئے گئے ہیں ۔ ماضی میں پریکٹیکل امتحانات صرف سکنڈ ایئر میں سائنس کے مضامین تک محدود تھے لیکن نئی پالیسی کے تحت اب آدھے پریکٹیکلس فرسٹ ایئر اور باقی آدھے سکنڈ ایئر میں منعقد کئے جائیں گے۔ بورڈ کی جانب سے تمام مضامین کے نمونہ سوالنامہ اور تفصیلی معلومات بورڈ کی سرکاری ویب سائیٹ پر دستیاب کردی گئی ہے۔ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے نئے پیاٹرن کے تحت کامیابی حاصل کرنے کیلئے درکار کم از کم نمبرات کا معیار بھی واضح کردیا ہے ۔ اگر تحریری امتحان 80 مارکس کا ہو تو طالب علم کو کامیابی کیلئے کم سے کم 28 نمبر حاصل کرنے ہوں گے جبکہ 20 مارکس کے پریکٹیکل امتحان میں کم از کم 7 مارکس حاصل کرنا لازم ہوگا۔ دونوں حصوں میں الگ الگ پاس ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ پہلے سال کیلئے انگریزی کی صرف ایک ٹیکسٹ بک رہے گی جبکہ دوسرے سال کیلئے ٹیکسٹ بک کے ساتھ ساتھ انگریزی پریکٹیکل مینول بھی فراہم کیا جائے گا۔ سکریٹری ابھیلاشا ابھینو نے تمام جونیئر کالجس کے پرنسپلس کو سخت احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ نئے امتحانی پیاٹرن اور مارکس کی تقسیم سے تمام طلبہ اور اساتذہ کو مکمل طورپر آگاہ کریں۔2/k