انٹرمیڈیٹ نتائج کا ،22 اپریل کو اجراء متوقع ،پرچوں کی جانچ مکمل

   

حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج 22 اپریل کو جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے ایک ساتھ نتائج جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ نتائج کا ایک دو دن میں سرکاری طور پر اعلان کردیا جائے گا۔ کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ شروتی اوجھا نے کہا کہ نتائج کی اجرائی کیلئے تمام انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ اتوار یا پیر کو نتائج جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ پیر کو نتائج جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچوں کی جانچ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مارکس دینے کے معاملے میں بھی احتیاط برتی گئی ہے۔ ایک سے زائد مرتبہ نشانات کی گنتی کی گئی ہے۔ کارروائی اطمینان بخش ہونے کے بعد ہی نتائج جاری کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ جاریہ سال 28 فروری تا 18 مارچ انٹرمیڈیٹ امتحان منعقد ہوئے، ان امتحانات میں تقریباً 10 لاکھ طلبہ نے شرکت کی۔ 6 مارچ سے پرچوں کی جانچ کا آغاز ہوا۔ لگ بھگ 60 لاکھ پرچوں کی جانچ کا کام مارچ کے اواخر تک مکمل ہوچکا ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتہ میں او ایم آر شیٹس ڈی کوڈنگ کی گئی۔ مارکس کا آن لائن اندراج ہونے کے بعد اس کی دوبارہ جانچ کی گئی۔ کوئی غلطی نہ پانے کے بعد نتائج کی اجرائی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 2