انٹر نتائج : فرسٹ ایئر میں 60 اور سیکنڈ ایئر میں 64 فیصد طلبہ کامیاب

   

لڑکیوں کا مظاہرہ لڑکوں سے بہتر، نشانات کی جانچ کیلئے 2 مئی تک فیس کا ادخال

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے تحت ایس ایس سی امتحانات سال اول اور دوم کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم اور سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن شریمتی شروتی آہوجہ نے آج نتائج جاری کئے۔ مجموعی طور پر دونوں امتحانات میں 9.81 لاکھ امیدواروں نے حصہ لیا تھا اور سالِ اول کا نتیجہ 60.01 فیصد رہا جبکہ سال دوم کا نتیجہ 64.19 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ فرسٹ ایئر میں 2.87 لاکھ اور سیکنڈ ایئر میں 3.22 لاکھ امیدوار کامیاب ہوئے۔ انٹر میڈیٹ نتائج میں لڑکیوں کا نتیجہ لڑکوں سے بہتر رہا۔ فرسٹ ایئر میں 68.35 فیصد لڑکیاں کامیاب رہیں جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 51.5 درج کیا گیا۔ سیکنڈ ایئر میں لڑکیوں کا نتیجہ 72.53 فیصد رہا جبکہ لڑکے 56.1 فیصد کامیاب رہے۔ فرسٹ ایئر نتائج میں رنگاریڈی ضلع 71.07 فیصد کے ساتھ سرِ فہرست رہا جبکہ سیکنڈ ایئر میں ملگ ضلع81 فیصد نتائج کے ساتھ سرِفہرست رہا۔ بی وینکٹیشم کے مطابق فرسٹ ایئر میں جملہ 478723 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں سے 287261 کامیاب رہے۔ اے گریڈ کے تحت 186025 امیدوار کامیاب رہے۔ فرسٹ ایئر میں جملہ 50 امیدواروں کو نقل نویسی کے تحت بک کیا گیا۔ سیکنڈ ایئر انٹر میڈیٹ میں جملہ 502280 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 322432 امیدوار کامیاب رہے۔ اے گریڈ کے تحت کامیاب امیدواروں کی تعداد 194311 درج کی گئی۔
سیکنڈ ایئر میں 120 امیدواروں کو نقل نویسی کے تحت بک کیا گیا اور 8 امیدواروں کا نتیجہ روک دیا گیا۔ فرسٹ ایئر انٹر میڈیٹ میں رنگاریڈی ضلع71.7 فیصد نتائج کے ساتھ سرِ فہرست رہا جبکہ میڑچل ملکاجگری ضلع 71.58 فیصد کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ ملگ کو 70.1 فیصد کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا۔ حیدرآبادI کا نتیجہ 62.14 ، حیدرآبادII کا نتیجہ59.06 فیصد اور حیدرآباد III کا نتیجہ 58.52 فیصد درج کیا گیا۔ فرسٹ ایئر میں کاماریڈی ضلع 34.81 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر میں ملگ ضلع 82.95 فیصد نتائج کے ساتھ سرفہرست رہا۔ میڑچل 79.31 فیصد کے ساتھ دوسرے اور رنگاریڈی77.63 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ حیدرآبادI کا نتیجہ 67.12 فیصد، حیدرآبادIII کا نتیجہ 65.59 فیصد اور حیدرآباد II کا نتیجہ 64.85 فیصد درج کیا گیا۔ کاماریڈی 44.29 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ کاماریڈی ضلع فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر دونوں میں مایوس کن مظاہرہ کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ بی وینکٹیشم کے مطابق نتائج کے بارے میں کسی بھی شکایت کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں ای میل کے ذریعہ شکایت درج کی جاسکتی ہے یا پھر فون نمبر040-24655027 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے طلبہ کو ذہنی تناؤ نجات دلانے کیلئے اسٹوڈنٹس کونسلرس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین نفسیات کے ذریعہ بھی طلبہ کی رہنمائی کی گئی۔ کالجس کے پرنسپلس شارٹ میمو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ بھی بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی ویب سائیٹس سے کلر پرنٹ آؤٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر امیدواروں کیلئے نشانات کی دوبارہ جانچ اور جوابی پرچہ جات کی اسکیان کاپی فراہم کرنے کی سہولت دی جارہی ہے۔ نشانات کی دوبارہ جانچ یا جوابی پرچہ جات کی اسکیان کاپی کے حصول کیلئے امیدواروں کو فی پرچہ 100 روپئے آن لائن ادا کرنے ہوں گے۔ اسکیان کاپی کیلئے فی پرچہ 600 روپئے جمع کرنا ہوگا۔ یہ رقم بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی ویب سائیٹ http://tsbie.cgg.gov.in پر جمع کرائی جاسکتی ہے۔ یہ رقم 25 اپریل تا 2 مئی کے درمیان جمع کرائی جائے۔ آخری تاریخ کے بعد آن لائن سرویسیس روک دی جائیں گی اور کسی بھی صورت میں شخصی طور پر درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ نشانات کی جانچ اور اسکیان کاپی کیلئے ادا کی گئی فیس واپس نہیں ہوگی۔1