نئی دہلی : کرکٹ گراؤنڈ میں گزشتہ روز ٹیلی ویژن کیمروں نے کچھ عجیب کیفیت کو قید کرلیا جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا میچ چل رہا تھا۔ ہفتہ کو ٹرینیڈاڈ میں پورٹ آف اسپین کے کوئنس پارک اوول میں آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ کے دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ کھلاڑیوں کو شاید کھیل نے کچھ محسوس نہیں ہونے دیا لیکن کمنٹیٹروں کو جھٹکے اچھی طرح محسوس ہوئے جبکہ کمنٹری باکس ہل جانے سے خوف پیدا ہوا۔ پورٹ آف اسپین کے ساحل کے پاس 5.2 کی شدت کے جھٹکے پیش آئے جس سے میدان میں فرنزٹ کیمرے کے اسکرین پر ویڈیو شدت سے منتشر ہورہا تھا۔ آئرلینڈ کے اسپنرمیتھیو گیند ڈال رہے تھے کہ میچ نشر کررہا کیمرہ زور زور سے ہلنے لگا۔ کھیل کو روکا نہیں گیا اور بلے باز برائن بینیٹ نے مڈ آف کی طرف دفاعی شاٹ کھیلا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے چوکا مار دیا ، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔