انڈیا اتحادکی آج دہلی کے رام لیلا میدان میں مہا ریالی

,

   

جمہوریت بچاؤ‘ ریالی میں اپوزیشن قائدین کی شرکت‘ کجریوال سمیت بعض قائدین کی گرفتاری کی مذمت

نئی دہلی :انڈیا اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ دہلی شراب پالیسی کیس میں اروند کجریوال سمیت دیگر اپوزیشن قائدین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیلئے 31 مارچ کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک مہا ریالی منظم کی جائے گی۔جمہوریت بچاؤ ریالی میں بیشتر اہم اپوزیشن قائدین شرکت کریں گے۔انڈیا اتحاد نے لوک سبھا الیکشن کے قریب اپوزیشن قائدین کی گرفتاریوں کیلئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت دہلی کے سیول لائنز علاقے میں ان کی سرکاری رہائش گاہ پر تلاشی کے بعد گرفتار کیا تھا۔انڈیا بلاک اتحادیوں AAP اور کانگریس نے ریالی کا اعلان کرتے ہوبئے کہا کہ یہ کسی ایک پارٹی یا فرد کی ریالی نہیں بلکہ پورے اتحاد کی ریالی ہے۔عآپ لیڈر گوپال رائے نے کہا کہ جمہوریت اور ملک خطرے میں ہے۔ تمام انڈیا۔بلاک پارٹیاں ملک کے مفادات اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے یہ ‘مہا ریالی’ نکالیں گی۔ ملک میں جمہوریت کا خاتمہ کرتے ہوئے اروند کجریوال کو گرفتار کیاگیا ہے۔ ہر اس شخص میں غصہ ہے جو آئین اور جمہوریت سے محبت اور احترام کرتا ہے۔ ایک ایک کرکے وزیر اعظم مودی ہر اپوزیشن لیڈر کے خلاف فرضی کیس دائر کرنے کیلئے ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ کانگریس دہلی کے صدر ارویندر سنگھ لولی نے بھی کہا کہ 31 مارچ کی مہا ریالی سیاسی نہیں ہوگی بلکہ ملک کی جمہوریت کو بچانے اور مرکز کے خلاف آواز اٹھانے کا اعلان ہوگی۔انڈیا بلاک کے کئی لیڈروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے بھی ملاقات کی تاکہ اروند کجریوال کی گرفتاری اور لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈروں کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا جا سکے۔انڈیا بلاک کے قائدین نے اس موقع پر ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنانے کے حالیہ واقعات کی فہرست پیش کی گئی اور الزام لگایا گیا تھا کہ اپوزیشن قائدین کو جان بوجھ کر پریشان کیا جارہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو دبانے کیلئے حکمراں بی جے پی کی طرف سے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔اپوزیشن قائدین نے ہفتہ کو ریالی کے انتظامات کا جائزہ لیا جہاں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے ۔