انڈین اورپاکستانی کرکٹ ٹیموں کوانگلینڈ میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی

   

لاہور۔ ریڈ لسٹ میں ہونے کے باوجود پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کو انگلینڈ میں داخلے کا پروانہ مل گیا ہے۔پاکستان ٹیم کو جولائی میں دورئہ انگلینڈ کے دوران3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔ انڈین کرکٹٹیم جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل اور اگست ستمبر میں میزبان ٹیم کیخلاف 5ٹیسٹ میاچس میں حصہ لے گی۔کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ نے پاکستان اور ہندوستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں،البتہ اب برطانوی حکومت نے خصوصی رعایت برتتے ہوئے انہیں اب آنے کی اجازت دے دی ہے۔پاکستان اور ہندوستان کے اسکواڈز اپنے شیڈول کے مطابق انگلینڈ پہنچیں گے، انھیں قرنطینہ کیلئے سرکاری طور پر مختص کسی مرکز میں رکھنے کے بجائے ساوتھمپٹن کے ایجز باول میں ہی واقع ہوٹل میں قیام کی اجازت دی جائے گی،اس دوران کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ہوٹل میں قیام سے متعلق پالیسی کا اطلاق صرف کرکٹرز اور معان اسٹاف ارکان پر ہوگا، فیملیز کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی،البتہ اس ضمن میں کوئی حتمی پروٹوکول بنانے کیلئے بات چیت چل رہی ہے۔ حالات بہتر ہونے پر اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کے حوالے کوئی رعایت دینا ممکن ہوگا۔دوسری جانب دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت کیلئے آنے والے پاکستانی، انڈین اور جنوبی افریقی کرکٹرز کے حوالے سے برطانوی حکومت کی کوئی پالیسی واضح نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کورونا خطرات کے باوجود انگلش ٹیم کو بھرپور ہوم سیزن میسرآرہا ہے، پاکستان اور ہندوستان سے قبل نیوزی لینڈ سے ہوم ٹیسٹ سیریز 2جون سے شروع ہوگی،سری لنکا سے وائٹ بال میچز جون کے آخر اور جولائی کے آغاز میں شیڈول ہیں۔