انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ میں پلوامہ کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت

   

جدہ ۔ 21 فبروری (عارف قریشی) انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ میں پلوامہ کے شہید فوجیوں کو اظہارافسوس کیلئے خصوصی تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں قونصل جنرل ہند جدہ برائے سعودی عرب عزت مآب محمد نور رحمن شیخ نے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فوجی اپنی جانب کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہمارے ملک اور ہماری جان و مال کی حفاظت کیلئے دن رات دھوپ میں، برسات میں، سردی میں، سرحدوں پر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ میں ان کی خدمات کو دل کی گہرائیوں سے خراج پیش کرتا ہوں اور جو فوجی پلوامہ دھماکہ میں شہید ہوئے ہیں ان کیلئے دعا کرتا ہوں اور جو فوجی زخمی ہوئے ہیں ان کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتا ہوں اور شہیدوں کے اہل خاندان سے بھرپور ہمدردی رکھتا ہوں اور ان فوجی شہیدوں کے افراد خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کرتا ہوں۔ معین اختر قونصل پریس اینڈ انفارمیشن اینڈ کلچر نے تعزیتی جلسہ کی کارروائی چلائی۔ اس فوجی تعزیتی جلسہ کے دوران ایک منٹ خاموشی سے کھڑے ہوکر خراج تعزیت پیش کیا گیا۔ قونصل جنرل اور قونصلرز اور کمیونٹی کے افراد نے مل کر موم بتیاں روشن کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔