انکاونٹر پر میں بھی اتنا ہی خوش ہوں جتنے دیگر شہری ہیں

,

   

واقعہ پر عوام میں غیر معمولی جوش ، نظام انصاف میں تاخیر بھی اہم وجہ،حکومت اور حکام حدود سے تجاوز نہیں کرتے : کے ٹی آر

حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز) عصمت ریزی اور قتل کے ملزمین کے انجام پر وہ بھی اتنے ہی پرجوش ہیں جتنے ملک میں دیگر شہری جوش کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے مری چنا ریڈی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تربیت حاصل کرنے والے مستقبل کے عہدیداروں سے خطاب کے دوران یہ ریمارک کیا ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ملک میں موجودنظام انصاف رسانی میں موجود خامیوں کے سبب ہونے والی تاخیر کے باعث اس طرح کے واقعات پر عوام کا شدید ردعمل سامنے آنے لگا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ملک کے موجودہ نظام انصاف میں ترمیم کی ضرورت ہے ۔ریاستی وزیر نے 2012میں ہوئے نربھیا عصمت ریزی اور قتل واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث مجرمین ان کا جرم ثابت ہونے کے باوجود اب تک جیل میں ہے جو یہ احساس پیدا کرتا ہے کہ عصمت ریزی کا شکار مقتول نربھیا کو اب تک انصاف نہیں مل پایا ہے اور 7سال گذرنے کے باوجود انہیں اب تک پھانسی نہیں دی گئی۔ انہو ںنے اجمل قصاب کے مقدمہ اور اس کو سزاء دینے میں کی جانے والی تاخیر کا بھی تذکرہ کیا او رکہا کہ اگر انصاف رسانی کے عمل میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے تو اتنی مدت تک انہیں جیل میں رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی اور عوام کے جذبات اور احساسات کا احترام بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ جب عوامی جذبات ‘احساسات اور مطالبات یکساں ہوتے ہیں اور وہ احتجاج کی شکل اختیار کرنے لگتے ہیں تو حکومت اور عہدیداروں کو قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے کام انجام دینا ہوتا ہے اور جو کچھ بھی کیا جاتا ہے وہ دائرہ سے تجاوز کرتے ہوئے نہیں کیا جاسکتا۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وہ اقتدار میں رہتے ہوئے ایسا موقف اختیار نہیں کرسکتے جس طرح بعض معزز ارکان پارلیمنٹ نے اختیار کرتے ہوئے پارلیمنٹ میںکہا کہ خاطیوں کو ہجومی تشدد میں ہلاک کردیا جانا چاہئے یا انہیں عوام کے درمیان لاکر کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے ۔انہو ںنے واضح کیا کہ اس طرح انتظامیہ نہیں چلایا جاسکتا۔