انگلینڈ دوسری اننگز میں 195 پر آؤٹ، پانچویں ٹسٹ اور سیریز میں انڈیا کامیاب

   

مہمانوں نے پہلا ٹسٹ جیتنے کے باوجود سیریز 1-4 سے ہاری ۔ وائس کیپٹن بومرا اور مین آف دی میچ کلدیپ کی شاندار بولنگ، اشوین کو میچ میں 9 وکٹیں، جیسوال کو سیریز ایوارڈ

دھرم شالا (ہماچل پردیش): اپنے ٹسٹ کیریئر کے 100 ویں میچ میں روی چندرن اشوین (51 رن دے کر چار وکٹ اور 77رن پر پانچ وکٹ) کی یادگار کارکردگی کے علاوہ کلدیپ یادو اور جسپریت بومرا کی بھی شاندار گیند بازی کی مدد سے انڈیا نے پانچویں اور آخری ٹسٹ میچ کے آج تیسرے دن ہفتہ کو انگلینڈ کو اننگز اور 64 رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے جیت لی۔ اس کے ساتھ ہی بھارت ،نیوزی لینڈ کو پیچھے کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈٹسٹ چمپئن شپ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ پہاڑی سلسلہ ہمالیہ کی خوبصورت وادیوں سے گھرے دھرم شالا کے گراؤنڈ پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 218 رن بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان روہت شرما اور شبھمن گل کی سنچریوں کی مدد سے 477 رن بناکر 259 رنز کی اہم سبقت حاصل کی اور دوسری اننگز میں انگلینڈ کو195 رن پر سمیٹ کر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی جیت لی۔ اس میچ میں اشوین اور کلدیپ کی گیندوں کا جادو انگلینڈ پر چھا گیا۔ اشوین نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں چار وکٹ لیے جبکہ دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لے کر اپنے 100ویںٹسٹ کو یادگار بنالیا۔ وہ سوویںٹسٹ میں نو وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے گیندباز بن گئے ہیں۔ اشوین کو دوسری طرف سے کلدیپ کا مکمل تعاون ملا۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹ لینے والے کلدیپ نے دوسری اننگز میں 40 رن پر دو بیاٹرس کو پویلین واپس بھیجا ۔ کلدیپ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ جسپریت بومرا نے تیز گیند بازوں کیلئے بے اثر پچ پر ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر ڈھائی دن کے اندر میچ کو سمیٹنے کے اشارے دے دیئے تھے ۔ جوزف روٹ (84)نے ایک سرے پر کھیلتے ہوئے سخت مقابلہ کیا لیکن دوسری طرف سے انہیں اپنے ساتھی بلے بازوں سے متوقع تعاون نہیں ملا۔ جانی بریسٹو (39) کے علاوہ ٹام ہارٹلی (20) اور شعیب بشیر (13) وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کرتے نظر آئے لیکن ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے ان کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ کلدیپ کی گیند پر روٹ کو بومرا کے ہاتھوں کیچ کرانے کے ساتھ ہی انگلینڈ کی دوسری اننگز 49ویں اوور میں ہی ختم ہوگئی۔ اس سے قبل انگلینڈ کے گیند بازوں نے کھیل کے پہلے آدھے گھنٹے میں میزبان ٹیم کی دو آخری وکٹیں لے کر بھارتی اننگز کا خاتمہ کیا۔ کلدیپ (30)جیمز اینڈرسن کے ٹسٹ کیریئر کا 700ویں شکار بنے جب کہ بومرا (20) کو شعیب بشیر نے اسٹمپ آؤٹ کرایا۔انڈین اوپنر یشسوی جیسوال نے سیریز میں مجموعی طور پر 712 رنز بنائے۔ ان کو پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ دیا گیا۔بین اسٹوکس زیرقیادت انگلینڈ کیلئے سیریز کا نتیجہ مایوس کن ہے۔ ہیڈکوچ برینڈن مک کلم کی حوصلہ افزائی پر Bazball کی اصطلاح والی جارحانہ ٹسٹ کرکٹ کے ذریعہ نمایاں کامیابی پانے والی انگلش ٹیم نے سیریز کا پہلا ٹسٹ حیدرآباد میں جیتا تھا حالانکہ پہلی اننگز میں وہ پچھڑ گئی تھی۔ اس کے بعد انگلینڈ کو 4-1 سے ہرانا روہت شرما زیرقیادت ٹیم کی عمدہ جیت ہے۔