انگلینڈ کا یکایک بکھراؤ، آسٹریلیا نے برسبین ٹسٹ جیت لیا

   

روٹ کی ٹیم 223/2 کے بعد 297 پر آؤٹ ۔ اسپنر لیون کے 400 وکٹ مکمل۔ میزبانوں کی 9 وکٹ سے کامیابی

برسبین: آف اسپنر ناتھن لیون (4/91) نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹسٹ کے آج ہفتہ کو چوتھے روز ہی آسٹریلیا کی جیت یقینی بنائی۔ گزشتہ روز بہترین واپسی کی طرف گامزن انگلینڈ کے بیاٹرز کو لیون نے ڈھیرکردیا۔ اس دوران انہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنا 400واں وکٹ مکمل کرلیا۔ وہ دنیا کے 17ویں اور آسٹریلیا کے ایسے دوسرے اسپنر بنے جس نے ٹسٹ کرکٹ میں 400 وکٹ لئے ۔ انگلینڈ نے میچ کے آج چوتھے دن 74 رنز کے عوض اپنی 8 وکٹیں گنوا دیں۔ 297پر آل آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلیا کے سامنے 20 رنز کا ٹارگٹ رکھا جسے میزبانوں نے ایک وکٹ کھو کر حاصل کر لیا اور ایشز سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔ صبح میں لیون نے چار بیاٹروں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں 400ویں وکٹ کے طور پر ڈیوڈ ملان آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کرس گرین نے روٹ کو 89 کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ لیون نے 34اوورز میں 91رنز کے عوض چاروکٹ لئے جبکہ کپتان پیاٹ کمنز اور گرین نے دو، دو وکٹیں حاصل کئے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 152رن کی شاندار سنچری کیلئے مڈل آرڈر بیاٹر ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ آسٹریلیا کیلئے اس جیت کے باوجود میچ میں سب سے بڑی پریشانی یہ رہی کہ چوتھی اننگز میں ڈیوڈ وارنر بیٹنگ کیلئے میدان پر نہیں آئے ۔ پہلی اننگز میں 94رنوں کے انفرادی اسکور کے دوران بین اسٹوکس کی ایک گیند اُن کی پسلیوں پر لگی تھی اور اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کے دوران فیلڈنگ نہیں کی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ وارنر کی پسلیوں میں چوٹ آئی ہے اور وارنر نے چوتھے دن کی صبح چیانل سیون کو بتایا کہ وہ تکلیف میں ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر بیٹنگ ضرورکریں گے ۔ آسٹریلیا کو معمولی ٹارگٹ ملا جس کی وجہ سے وہ بلے بازی کرنے نہیں آئے ۔ وارنر کے پاس دوسرے ٹسٹ سے قبل فٹ ہونے کیلئے صرف چار دن کا وقت ہے ۔ ایلکس کیری نے مارکس ہیرس کے ساتھ اوپننگ کی۔ اس سے قبل مسابقتی کرکٹ میں کیری نے 2013 میں اوپننگ کی تھی۔ انہوں نے مثبت کھیلنے کی کوشش کی۔ اولی رابنسن کی ایک شاندار گیند پر پہلے وہ کیچ آوٹ ہونے سے بچے لیکن رابنسن نے آخر میں وکٹ کے پیچھے انہیں کیچ آؤٹ کرادیا۔