انگلینڈ کی جارحانہ بلے بازی، بنگلہ دیش کو 387رنز کا نشانہ

   

کارڈف ۔ 8جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ 2019 کی میزبان انگلینڈ نے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیسن روئے اور دیگر بلے بازوں کی جارحانہ کارکردگی کے باعث مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 386 رنز بنا کر ایک مشکل نشانہ دیدیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم میزبان ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے مشرفی مرتضیٰ کے فیصلے کو تاحال غلط ثابت کردیا ہے۔انگلینڈ کے اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 128 رنز بنائے، بیئراسٹو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 51 رنز بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔جیسن روئے نے اپنی عمدہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری بھی مکمل کی اور دوسری وکٹ میں جوروٹ کے ساتھ مل کر 32 ویں اوور میں اسکور کو 205 رنز تک پہنچایا لیکن روٹ ان کا مزید ساتھ نہ دے سکے اورمحمد سیف الدین کی گیند پرآوٹ ہوئے۔انگلینڈ کی تیسری وکٹ 235 رنز پر گری جب جیسن روئے شان دار 153 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی وکٹ بن گئے، انہوں نے 121 گیندوں کا سامنا کیا اور اننگز میں 14 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔مورگن اور بٹلر نے شراکت میں 95 رنز کا اضافہ کیا اور 330 رنز کا ہندسہ 35 ویں اوور میں عبور کرلیا جس کے لیے بٹلر نے 44 گیندوں میں 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ مورگن 340 کے اسکور پرآؤٹ ہوئے اور انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔بنگلہ دیشی باؤلرز نے بین اسٹوکس کو فوری قابو کرتے ہوئے صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد واپس پویلین بھیج دیا۔کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے مزید وکٹ گرنے نہیں دیں اور مقررہ اوورز تک ٹیم کا اسکور 6 وکٹوں پر 386 رنز تک پہنچادیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مہدی حسن میراز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کاآغاز سست تھا اور اوپنر سومیا سرکار شروع میں ہی آرچر کی بہترین باؤلنگ کا نشانہ بنے جس کے بعد تمیم اقبال اور شکیب الحسن نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری دسویں اوور میں مکمل کی لیکن تمیم اقبال ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 63 رنز کے مجموعی اسکور پرآؤٹ ہوئے۔تمیم اقبال آوٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے اور انہوں نے 29 گیندوں پر 19 رنز بنائے جس کے بعد تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم بیٹنگ کیلئے میدان میںآئے۔تادم تحریر بنگلہ دیش نے 13 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنا لیے۔