اوبیر (Uber) حیدرآباد میں سنٹر آف ایکسلینس کو توسیع دے گا

   

کمپنی کے سی ای او دارا خسرو شاہی کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات ،فیوچر سٹی میں کارپوریٹ آفس کا قیام، حیدرآباد میں ملٹی لیول پارکنگ کی سہولت
حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) اوبیر (Uber) کمپنی نے حیدرآباد نے اپنے سنٹر آف ایکسلینس کو توسیع دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اوبیر کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر دارا خسرو شاہی کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے اوبیر پر زور دیا کہ وہ بڑے شہروں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے پارکنگ مسائل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کمپنی سے درخواست کی کہ مخصوص مقامات پر ملٹی لیول پارکنگ سہولتیں قائم کرنے کیلئے پیشرفت کریں۔ ملاقات کے دوران دارا خسرو شاہی نے چیف منسٹر کو تلنگانہ میں اوبیر کے کاروباری آپریشنس کے بارے میں واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کمپنی کے سنٹر آف ایکسلینس کو توسیع دی جائے گی۔ امریکہ سے باہر قائم کیا گیا یہ اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے جہاں 600 انجنیئرس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سی ای او میں بھارت فیوچر سٹی میں اوبیر کا کارپوریٹ دفتر قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے ، اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کا تعاون درکار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کے بِڑے شہروں میں گاڑیوں کی پارکنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے اور مستقبل میں یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے اوبیر کے نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ ملٹی لیول پارکنگ سہولتوں کے قیام پر توجہ دیں۔ چیف منسٹر نے میٹرو ریل اسٹیشنوں کے قریب پارکنگ انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث عوام کو مشکلات کا حوالہ دیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے الیکٹرک چارجنگ سنٹر کے ساتھ پارکنگ سہولتیں قائم کرنے کی تجویز پر اوبیر کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ کمپنی اس معاملہ پر تفصیلی مطالعہ کرے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ بھارت فیوچر سٹی حیدرآباد کے قریب تعمیر کی جارہی ہے ۔ یہ نئی فیوچر سٹی 30 ہزار ایکر اراضی پر عالمی معیار کے مطابق تعمیر کی جائے گی۔ حکومت نے دنیا کی 500 اہم کمپنیوں کو فیوچر سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ کئی ادارے اپنے دفاتر اور آپریشن سنٹرس کے قیام میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ فیوچر سٹی شمس آباد ایرپورٹ سے صرف 25 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے ۔ گزشتہ سال عالمی سمٹ میں 100 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔ دارا خسرو شاہی نے فیوچر سٹی میں اوبیر کا کارپوریٹ دفتر قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ۔ اس موقع پر اوبیر کے چیف بزنس آفیسر مادھو کنان ، اوبیر انڈیا اور جنوبی ایشیا کے صدر پربجیت سنگھ ، چیف ٹکنالوجی آفیسر پراوین ناگا اور چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی موجود تھے۔1/k/m/b