حیدرآباد۔6۔مارچ(سیاست نیوز) قومی شاہراہوں کا استعمال کرنے والوں اور ان سے گذرنے والی گاڑیوں کے مالکین پر آئندہ ماہ سے مہنگائی کا نیا بم گرانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے مطابق آئندہ ماہ سے قومی شاہراہوں پر ٹول میں 5تا10 فیصد کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے فیصلہ کے مطابق یکم اپریل سے ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا اور فی الحال فی کیلو میٹر 2.19 روپئے کو بڑھا کراسے 3 روپئے تک کردیا جائے گا۔ کہا جا رہاہے کہ وزار ت کا جاریہ ماہ کے اواخر تک اس پر فیصلہ کا منصوبہ ہے اور آئندہ ہفتہ عہدیداروں کے اجلاس میں نئی پالیسی اور قیمتوں کا تعین کیا جائیگا۔ 2008 کے قوانین کے مطابق قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی شرحوں کو ہر سال تبدیل کیا جاسکتا ہے اور اسی کے تحت اپریل سے قومی شاہراہوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کا منصوبہ ہے۔ذرائع کے مطابق کاروں اور لائیٹ موٹر وہیکل جو قومی شاہراہوں کا استعمال کرتی ہیں ان کے ٹول ٹیکس میں 5 فیصد تک اضافہ کا امکان ہے جبکہ ہیوی وہیکل جیسے لاریوں اور مسافر بسوں کے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد تک اضافہ کا منصوبہ ہے اور جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔م