اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے نئے وقف رولس کی تیاری

   

چیف منسٹر کے پاس عنقریب جائزہ اجلاس، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی عہدیداروں سے مشاورت

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے نئے وقف رولس کی تیاری کا کام شروع کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے 2016 میں سنٹرل وقف کونسل کے ذریعہ وقف رولس کو قطعیت دیتے ہوئے تمام ریاستوں کو روانہ کیا تاکہ اپنی ضروریات کے مطابق ان میں ترمیمات کی سفارش کریں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ آن لائن اجلاس منعقد کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور وقف رولس کے اُمور پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقف رولس اور نئے رولس میں تقابل کرتے ہوئے تلنگانہ کی ضروریات کے مطابق ہمیں نئے رولس تیار کرنے چاہیئے۔ اس سلسلہ میں وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسلس کو مکتوب روانہ کیا گیا تاکہ وہ تجاویز پیش کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر عنقریب اوقافی اُمور کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس طلب کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے علاوہ اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ شاہنواز قاسم نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد سے جلد جامع رپورٹ تیار کریں تاکہ چیف منسٹر کے اجلاس میں پیش کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ ریوینو ایکٹ کی منظوری کے وقت چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں وقف اور انڈومنٹ اراضیات کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے اراضیات کے رجسٹریشن کو روکنے کیلئے احکامات کی اجرائی کا تیقن دیا۔