اوما بھارتی کا بی جے پی کو جھٹکا

   

بھوپال: مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو اوما بھارتی نے زوردار جھٹکا دیا ہے۔ اوما بھارتی نے پارٹی کی انتخابی تشہیر سے دوری بنا لی ہے۔ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعہ کے روز ہمالیہ کے لیے رخت سفر باندھیں گی، جہاں وہ ادھورے کاموں کو لے کر خود احتسابی کریں گی۔ ہمالیہ جانے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ اوما بھارتی نے شیوراج حکومت کی ناکامیاں بھی شمار کرائیں۔
اوما بھارتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ جمعرات کو اپنی جائے پیدائش اینڈا گاو?ں، ضلع ٹیکم گڑھ کے لیے نکل رہی ہیں۔ چتردشی تک وہ اپنے ’ماتری کُل‘ اور ’پتری کُل‘ کی دیویوں کو پرنام کریں گی۔ پھر اورچھا میں رام راجہ سرکار کو پیشانی ٹیک کر ہمالیہ کے لیے نکل جائیں گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کے جن خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کانگریس کو 20 سال پہلے اقتدار سے ہٹایا تھا، وہ خواب کتنے پورے ہوئے، اس پر میں ہمالیہ میں بدری-کیدار کے دَرشن کرتے وقت غور و فکر کروں گی۔