اوڈیشہ میں سنیترا اسکیم متعارف 680 کروڑ مصارف کا تخمینہ

   

حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کو ملک بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی اختراعی اسکیم ’کنٹی ویلوگو‘ کو اوڈیشہ میں اختیار کیا جارہا ہے۔ اوڈیشہ حکومت نے 680 کروڑ کی ’سنیترا اسکیم‘ متعارف کی ہے جس کے تحت ریاست کے شہریوں کے آنکھوں کی مفت نگہداشت کی جائے گی۔ اس اسکیم کا اعلان چیف منسٹر نوین پٹنائک نے منگل کو کیا۔ اس اسکیم کا مقصد آنکھوں کی صحت کا عالمی نشانہ 2023ء تک مکمل کرنا ہے۔ یہ اسکیم بلالحاظ معاشی حالت و عمر تمام شہریوں کیلئے ہوگی۔ اس اسکیم سے ہر عمر کے شہری مستفید ہوسکتے ہیں۔ یہ بات چیف منسٹر پٹنائک نے کہی۔ سکریٹری صحت پی کے مہیندرا نے کہاکہ یہ اسکیم اور اس کا علاج گورنمنٹ کمیونٹی ہیلت سنٹرس (سی ایچ سی)، سب ڈیویژنل ہاسپٹلس (ایس ڈی ایچ)، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹلس (ڈی ایچ ایچ) اور میڈیکل کالجس میں نافذالعمل ہوں گے۔