اوڈیشہ کا خطرناک بدنام زمانہ گینگسٹر کی حیدرآباد میں نقل و حرکت، پولیس چوکس

   

حیدرآباد۔ اوڈیشہ کا ایک بدنام زمانہ گینگسٹر شیخ حیدر جو کٹک کے ایک دواخانہ سے پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا تھا کی نقل و حرکت شہر حیدرآباد میں دیکھی گئی ہے جس کے پیش نظر کمشنر ٹاسک فورس پولیس حرکت میں آگئی ہے۔ ٹاسک فورس کی جانب سے گینگسٹر سے متعلق تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں بتایا گیاہے کہ ایک ماروتی سوئفٹ کار جس کا نمبر OD02-AS6770 ہے کو شہر میں دیکھا گیا ہے۔ ٹاسک فورس نے عوام اور پولیس عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ یہ گاڑی کہیں پر بھی دکھائی دینے پر فوری پولیس کو اطلاع دی جائے۔ گذشتہ ہفتہ اوڈیشہ کا بدنام زمانہ گینگسٹر حیدر جو ایس سی بی میڈیکل کالج کٹک میں زیر علاج تھا پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا جس کے نتیجہ میں 6 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔