اَن لاک 1.0 کیلئے حکومت کے نئے رہنمایانہ خطوط جاری

   

نئی دہلی۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے حکومت نے گزشتہ دو ماہ کے دوران مسلسل ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ چار مرحلوں کے لاک ڈاؤن کے دوران ابتداء میں سختی برتی گئی تاہم بعد میں حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی۔ معیشت کی زبوں حالی اور عوامی مشکلات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے چوتھے لاک ڈاؤن کے آخر میں کئی معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دے دی۔ حکومت نے یکم جون سے 30 جون تک لاک ڈاؤن 5.0 کا اعلان کیا تاہم لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور اس کو اَن لاک 1.0 کہا جارہا ہے۔ مرکزی وزارت داخلی اُمور نے کل ان لاک 1.0 کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے جس کے تحت ملک بھر میں بیشتر سرگرمیوں کی مرحلہ وار اجازت دی جارہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان لاک بھی تین مرحلوں میں ہوگا اور پہلے مرحلے کا 8 جون سے آغاز ہوگا۔ لاک ڈاؤن صرف ان شہروں کیلئے ہوگا جو مرکزی وزارتِ داخلی اُمور کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریڈ زون کے تحت ہیں۔ اَن لاک 1.0 کے قواعد مختلف ریاستوں میں علیحدہ طور پر ہوں گے کیونکہ ریاستوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جن سرگرمیوں کو مناسب نہیں سمجھتے، انہیں روک سکتے ہیں، لیکن مرکز کے رہنمایانہ خطوط کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مہاراشٹرا حکومت نے اتوار کو 30 جون تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تاہم تحدیدات میں نرمی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مہاراشٹرا میں مرحلہ وار سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کو ’’مشن بگن اگین‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس کے تحت حکومت نے تمام مارکٹس، مارکٹ کے علاقوں اور دکانات کو 5 جون سے طاق اور جفت کی بنیاد پر کھولنے کی اجازت دی ہے تاہم مالس کو بند رکھا جائے گا کیونکہ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 65,000 سے تجاوز کرچکی ہے۔ کنٹینمنٹ زون میں کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔