آئی پی ایل ٹکٹس کی بلیک مارکٹنگ

   

تین افراد گرفتار، نقد رقم ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) آئی پی ایل ٹکٹس کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث تین افراد کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کرشن راؤ نے کہاکہ 21 سالہ آیوش ودھالے متوطن مہاراشٹرا اور اُس کے دو ساتھی 22 سالہ سچن شکلا متوطن کولکتہ اور 20 سالہ ریشپ ستھار متوطن راجستھان جو طالب علم بتائے گئے ہیں، سکندرآباد جمخانہ گراؤنڈس کے قریب راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 21 اپریل کو منعقد ہونے والے آئی پی ایل کرکٹ میاچ کے ٹکٹس کی بلیک مارکٹنگ کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ گرفتار افراد خواہشمند افراد سے 1500 کے ٹکٹ کو 3 ہزار اور اُس سے زائد کی رقم میں فروخت کررہے تھے۔ اِس بات کی اطلاع ملنے پر سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم کے انسپکٹر سرینواس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جمخانہ گراؤنڈ سکندرآباد کے قریب اُنھیں رنگے ہاتھوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کے قبضہ سے 251 آئی پی ایل ٹکٹس اور 16300 نقد رقم ضبط کرلی گئی۔ گرفتار افراد کو پولیس اسٹیشن بیگم پیٹ کے حوالہ کردیا گیا۔