آذربائیجان نے آرمینیا کے خالی کردہ آخری ضلع کا کنٹرول سنبھالا

,

   

باکو : آرمینیا کی جانب سے امن معاہدے کے تحت خالی کردہ آخری ضلع میںآذربائیجان کی فوج منگل کو داخل ہو گئی ہے۔آذربائیجان کی وزارتِ دفاع نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں لاچن ضلع میں کئی ٹرک داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جن پر آذربائیجان کے پرچم لہرا رہے ہیں۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اْن کے صحافیوں نے لاچن ضلع میںآذربائیجان کے فوجی ٹرکوں کو روسی گاڑیوں کے ساتھ داخل ہوتے دیکھا ہے۔روس کی معاونت سے آرمینیا اور آذربائیجان نے گزشتہ ماہ جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کے تحت آرمینیا نے متنازع علاقے ناگورنو کاراباخ کے تین اضلاع اغدم، لاچن اور کالباجار کوآذربائیجان کے حوالے کرنے پرآمادگی ظاہر کی تھی۔معاہدے کے بعد آذربائیجان کی فوج نے نارگورنو کاراباخ پر حملے بھی روک دیے تھے۔اغدم اور کالباجار کی طرح لاچن کے رہائشیوں نے بھی آذربائیجان کی فوج کے داخل ہونے سے پہلے علاقے سے نقل مکانی کر لی ہے جب کہ بعض رہائشیوں نے گھر بار چھوڑنے سے پہلے اْنہیںآگ بھی لگا دی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اْنہیں شام چھ بجے کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ ہجرت کر سکتے ہیں۔امن معاہدے کے تحت روس کے دو ہزار افراد پر مشتمل امن دستے 60 کلو میٹر طویل اْس سرحد پر تعینات ہیں جو لاچن کو کاراباخ کے مرکزی شہر سٹیپناکارٹ سے الگ کرتی ہے اور یہ سرحد آرمینیا سے جا ملتی ہے۔ایک مقامی عہدے دار دیوت داوتیان کے مطابق بعض افراد نے علاقے سے نقل مکانی سے انکار کر دیا ہے اور وہ وہیں مقیم ہیں، جب کہ دو سو افراد کو مقامی انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے وہیں رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔