!آزادی کا سال بھولنے پر تھپڑ، جھوٹ بولنے پر کچھ نہیں

,

   

ممبئی : مرکزی وزیر نارائن رانے کو چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کو تھپڑ مارنے والے اُن کے تبصرے پر آج گرفتار کرلیا گیا اور اُنھیں ممبئی سے 300 کیلو میٹر دور پولیس اسٹیشن سنگامیشور کو منتقل کیا گیا۔ اُنھوں نے یہ ریمارک اُس تناظر میں کیا تھا کہ چیف منسٹر یوم آزادی پر خطاب کے دوران ہندوستان کی آزادی کا سال کچھ لمحات کیلئے بھول گئے تھے۔ اُنھوں نے دوران تقریر اپنے مددگار سے تصدیق کرنے کے بعد آزادی کے سال کا تذکرہ کیا تھا۔ بی جے پی لیڈر رانے جو گزشتہ ماہ وزیراعظم مودی کی کابینہ میں وزیر مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزیز کی حیثیت سے شامل کئے گئے، گزشتہ 20 سال میں گرفتار کئے جانے والے پہلے مرکزی وزیر بن گئے۔ سابقہ حلیفوں اور موجودہ حریفوں شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان رانے کی گرفتاری نیا تنازعہ بن چکی ہے۔ مرکزی وزیر کو جس وقت گرفتار کیا گیا وہ لنچ کررہے تھے جس کی ویڈیو کلپ وائرل ہے۔ اِس سے تھوڑی دیر قبل بامبے ہائیکورٹ نے پولیس کارروائی کے خلاف تحفظ کے لئے پٹیشن کی ہنگامی سماعت کے لئے اُن کی درخواست مسترد کردی تھی۔ چیف منسٹر کی شیوسینا پارٹی نے رانے کے ریمارکس پر اُن کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمات درج کرائے۔ مرکزی وزیر بی جے پی کی جاریہ ملک گیر جن آشیرواد یاترا کے موقع پر مخاطب تھے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ چیف منسٹر کا آزادیٔ ہند کا سال بھول جانا شرم کی بات ہے۔ مرکزی وزیر نے اِس طرح ایک کسوٹی پیش کی ہے۔ لیکن کیا وہ بتاسکتے ہیں کہ وزیراعظم مودی گزشتہ 7 سال سے لگاتار جھوٹ بول رہے ہیں، اُس پر کوئی گرفت کیوں نہیں ہوئی ہے؟