اپل میں انگوٹھی کی شکل میں اسکائی واک کی تعمیر کا منصوبہ

   

تجارتی عمارتوں اور رہائشی علاقوں کو سہولت، مختلف مقامات پر اسکائی واکس کی تعمیر میں خانگی کمپنیوں کی دلچسپی
حیدرآباد ۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے اور آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ خانگی گاڑیوں کی تعداد گھٹاتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی اور ایچ ایم ڈی اے کے کمشنر سرفراز احمد نے حال ہی میں منعقدہ جامع موبلٹی منصوبہ بندی کے اجلاس میں میٹرو اسٹیشن سے قریبی تجارتی عمارتوں اور رہائشی احاطے تک اسکائی واکس کی تعمیر کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹرو کارپوریشن نے اس کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل نے پہلے پنجہ گٹہ، ہائی ٹیک سٹی اور ایرہ منزل میٹرو اسٹیشن کے قریبی مالس تک اسکائی واکس تعمیر کرلئے ہیں۔ جے بی ایس اور پریڈ گراونڈ اسٹیشن کو سڑک پار کرنے کی ضرورت کے بغیر جوڑ کر قابل رسائی بنایا گیا ہے۔ سکندرآباد میٹرو اسٹیشن سے ریتی فائل بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن کو پہنچنے کیلئے اسکائی واک موجود ہے۔ ایچ ایم ڈی اے اپل میٹرو اسٹیشن سے متصل چوراہے سرکلر اسکائی واک تعمیر کیا ہے۔ میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو پہلے مرحلہ میں 69.2 کلو میٹر کی روٹ کے تمام 57 میٹرو اسٹیشنس میں ہر اسٹیشن سے سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچنے کی سہولت ہے۔ مسافرین کے علاوہ دوسرے بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اپل میں بھی انگوٹھی کی شکل کا اسکائی واک تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ایل بی نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب واساوی آنند نیلائم نامی ایک بہت بڑی گیٹیڈ کمیونٹی تعمیر کی جارہی ہے جنہوں نے اپنے رہائشی کامپلکس سے میٹرو اسٹیشن تک اسکائی واک تعمیر کرنے کیلئے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ میٹرو کے ایم ڈی نے بتایا کہ اس طرح چند دیگر کمپنیاں ناگول، اسٹیڈیم، درگم چیرو اور کوکٹ پلی میٹرو اسٹیشن کے قریب اسکائی واکس تعمیر کرنے کیلئے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ انہوں نے دلچسپی رکھنے والی خانگی کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل اسٹیشن کے رئیل آفیسر کے وی ناگیندر سے تبادلہ خیال کریں۔2