اپوزیشن جماعتیں مجبور و بے بس حکومت کے قیام کی خواہاں

,

   

اعلیٰ ذاتوں کیلئے 10% کوٹہ سے کسی کے حقوق تلف نہیں ہونگے، را م لیلا میدان پر مودی کا خطاب

نئی دہلی۔ 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے مخالف بی جے پی عظیم اتحاد کو ایک ناکام تجربہ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اپوزیشن جماعتیں محض اس لئے ایک دوسرے کے قریب آرہی ہیں تو وہ اقرباء پروی اور رشوت ستانی کو بڑھاوا رہنے کے لئے ایک مجبور اور بے بس حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے برخلاف بی جے پی ملک کی ہمہ گیر ترقی کے لئے ایک طاقتور اور مستحکم انتظامیہ چاہتی ہے۔ مودی نے رام مندر کے مسئلہ پر کانگریس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ (کانگریس) ایودھیا تنازعہ کا حل نہیں چاہتی اور اپنے وکلاء کے ذریعہ رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ مودی نے رام لیلا میدان پر بی جے پی کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو جماعتیں بنیادی طور پر کانگریس اور اس کے کلچر کی ضمانت کرتے ہوئے بنائے گئے تھیں۔ کئی ایک جماعتیں اب اس (کانگریس) کے ساتھ ہاتھ ملا رہی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تعلیم اور ملازمتوں کے حصول میں معاشی طور پر کمزور طبقات کیلئے دیئے جانے والے 10 فیصد تحفظات کے کوٹہ سے ’’نئے ہندوستان‘‘ کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ادعا کیا کہ اس نئے انتظام سے کسی دوسرے کے حقوق تلف نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم مودی نے رام لیلا میدان پر بی جے پی کے قومی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت پر رشوت ستانی کا کوئی الزام عائد نہیں کیا جاسکا ہے۔ بی جے پی کی حکمرانی نے ثابت کردیا کہ رشوت کے بغیر ملک چلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ’اَن داتا‘ (غذا فراہم کرنے والے کسانوں) کو صرف ’مت داتا‘ (ووٹرس) سمجھا گیا جبکہ ان کی حکومت کسانوں کو درپیش تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔ 2022ء تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کیلئے ہم دن رات کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات ان نوجوانوں کی توقعات پوری کرنے کیلئے فراہم کئے گئے ہیں جنہیں غریبی کے سبب مواقع میسر نہیں آسکے تھے۔