نئی دہلی۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اچھی حکمرانی اور صفر کرپشن مستقل معاشی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ مرکزی وزیر پرکاش جائوڈیکر نے جمعرات کے دن 60 ویں ایس کے او سی ایچ چوٹی کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان پانچ کھرب ڈالر مالیتی معیشت وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت آئندہ پانچ سال میں بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی اور صفر کرپشن معاشی ترقی کے لیے ضروری عناصر ہیں۔ اچھی حکمرانی، اچھی معیشت کی بنیاد ہے۔ صفر کرپشن اور کم افراط زر دو اہم کلیدی عناصر ہیں تاکہ معاشی ترقی کو برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی کم افراط زر کے ذریعہ ناپی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 3 یا 4 فیصد افراط زر معیشت کی ترقی کے لیے قابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پانچ کھرب ڈالر معیشت وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت پانچ سال کے اندر بن جائے گا۔ جائوڈیکر نے جو مرکزی وزیر ماحولیات و اطلاعات و نشریات ہیں کہا کہ فیصلہ کن قیادت معیشت کو حقیقی تائید اور تحریک فراہم کرتی ہے۔