اڈیشہ میں آپریشن سندور کی کامیابی کا جشن، ترنگا بائیک ریالی

   

بھونیشور، 14 مئی (یو این آئی) اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن ماجھی نے بدھ کو آپریشن سندور کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے ‘ترنگا بائیک ریلی’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج دشمن کے کسی بھی چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔یہ ریلی صبح 8 بجے کالنگا اسٹیڈیم سے شروع ہوئی اور راج بھون پر اختتام پذیر ہوئی۔اس میں پولیس اہلکاروں، سیکورٹی فورسز، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرایا اور موٹر سائیکلیں چلاتے ہوئے ‘‘وندے ماترم’’ کے نعرے لگائے ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ماجھی نے کہا کہ آپریشن سندور کی کامیابی کے پیش نظر ترنگا بائک یاترا دہشت گردی کے خلاف ملک کی مہم کو مزید مضبوط کرے گی۔انہوں نے کہاکہ جب سبھی ہندوستانی خواہ وہ کسی بھی ذات یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، ترنگے کے نیچے متحد ہو تے ہیں تو کوئی طاقت ہمارے خلاف نہیں کھڑی ہو سکتی۔ قومی پرچم کے تین رنگ عقیدت، ہم آہنگی اور اتحاد کی علامت ہیں۔’’ وزیر اعلیٰ نے قومی پرچم کو ہندوستان کے عزم، جدوجہد، قربانی اور جذبہ ترک کرنے کا ایک خاموش لیکن طاقتور گواہ قرار دیا۔انہوں نے گزشتہ سال 14 اگست کو ترنگا یاترا میں اپنی شرکت داری کو یاد کیا اور اس بار لوگوں میں وہی جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آپریشن سندور کے دوران ملک کا وقار برقرار رکھنے والے بہادر فوجیوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہر ہندوستانی محفوظ ہے اور ضرورت پڑنے پر طاقت دکھانے کی اہمیت پر زور دیا۔