اڈیشہ ٹرین حادثہ: 101 نعشوں کی شناخت نہ ہوسکی

,

   

کم از کم 275 لوگوں کی جانیں گئیں ،1000 زخمی ، 200 افراد زیر علاج

بھونیشور : اڈیشہ میں المناک ٹرین حادثے میں کم از کم 275 لوگوں کی جانیں گئیں اور 1000 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔ اس پر حکام نے پیر کو کہا کہ 101 نعشوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے کے ڈویڑنل ریلوے منیجر رنکیش رائے نے اے این ا?ئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 200 لوگ اب بھی اڈیشہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ حادثہ میں 1100 لوگ زخمی ہوئے، جن میں سے 900 کو علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی۔ریاست کے مختلف اسپتالوں میں اب بھی 200 کے قریب افراد زیر علاج ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے 278 افراد میں سے اب تک 101 لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بالاسور ٹرین حادثے میں تین ٹرینیں ا?پس میں ٹکرا گئیں جن میں دو مسافر ٹرینیں اور ایک مال گاڑی شامل تھی۔ اس واقعے نے بالاسور میں کم از کم 275 لوگوں کی جان لی اور 1100 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔اس اندوہناک واقعے کا پورے ہندوستان میں گہرا اثر ہوا ہے۔بھونیشور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وجے امرت کولنگے نے اے این ا?ئی کو بتایاکہ بھونیشور میں رکھی گئی کل 193 نعشوں میں سے 80 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ 55 نعشوں کو رشتہ داروں کو سونپ دیا گیا ہے۔ بی ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر پر 200 سے زیادہ کالیں موصول ہوئی ہیں۔ 129 نعشوں کی شناخت کر کے لواحقین کے حوالے کی جا رہی ہیں۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمار-چنئی کورومنڈل ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے کئی بوگیاں ملحقہ ٹریک پر پٹری سے اتر گئیں۔ اس کے بعد یشونت پور سے ہاوڑہ جارہی ہاوڑہ ایکسپریس تیز رفتاری سے متاثرہ کوچوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مزید ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔