اکتوبر میں جی ایس ٹی ریونیو کلکشن1.72 لاکھ کروڑ روپے سے متجاوز

   

نئی دہلی: اس سال اکتوبر میں اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی آمدنی 1.72 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی ہے ، جو گزشتہ سال اکتوبر میں 151718 کروڑ روپے کی جی ایس ٹی وصولی سے 13 فیصد زیادہ ہے ۔ اکتوبر میں جمع ہونے والی ٹیکس آمدنی اب جی ایس ٹی ٹیکس نظام کے نفاذ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ اس سے قبل اپریل 2023 میں اس مد میں 187035 کروڑ روپے کا جی ایس ٹی جمع کیا گیا تھا۔وزارت خزانہ نے آج یہاں اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک اوسط ماہانہ جی ایس ٹی محصولات کی وصولی 1.66 لاکھ کروڑ روپے رہی ہے ، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 11 فیصد زیادہ ہے ۔ اس سال اکتوبر میں کل جی ایس ٹی کی وصولی 172003 کروڑ روپے رہی ہے ۔ اس میں سی جی ایس ٹی 30062 کروڑ روپے ، ایس جی ایس ٹی 38171 کروڑ روپے ، آئی جی ایس ٹی 91315 کروڑ روپے شامل ہیں جس میں درآمدی سامان پر 42127 کروڑ روپے کا ٹیکس بھی شامل ہے ۔