دہلی میں طویل قیام بے نتیجہ، وزیر اعظم اور مرکزی وزراء سے ملاقات نہ ہوسکی
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئی دہلی سے حیدرآباد واپس ہوگئے۔ 25 جولائی کو چیف منسٹر اعلیٰ عہدیدادروں کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوئے تھے تاکہ ریاست کو مرکزی فنڈس اور قرض کے حصول کے لئے شرائط میں نرمی کے مسئلہ پر مرکز سے نمائندگی کی جائے۔ چیف منسٹر نے قومی سطح پر غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی مہم شروع کی ہے لیکن دہلی میں قیام کے دوران وہ اہم قائدین سے ملاقات نہ کرسکے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر و سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے امور پر نمائندگی کے لئے مرکزی وزراء سے ملاقات کا وقت مانگا گیا تھا لیکن پارلیمنٹ اجلاس کا بہانہ بناکر مرکزی وزراء نے ملاقات نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر کے سی آر نے جس طرح ملاقات سے گریز کیا تھا
اس پر بی جے پی ناراض ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم اور مرکزی وزراء نے کے سی آر کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ کے سی آر نے غیر بی جے پی ریاستوں کے ساتھ مرکز کی ناانصافی سے مختلف پارٹیوں کو واقف کروانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو دونوں ایوانوں میں مہنگائی، جی ایس ٹی اور تلنگانہ سے ناانصافی کے خلاف احتجاج کی ہدایت دی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اجلاس کے سبب اپوزیشن قائدین سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق چیف منسٹر کا دورۂ دہلی بے نتیجہ ثابت ہوا۔