ایرانی دارالحکومت میں’دفاعی سرنگ‘ کی تعمیر

   

تہران: ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ ملک میں فوجی اہداف پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایران دارالحکومت تہران میں ایک ’’دفاعی سرنگ‘‘ بنا رہا ہے۔شہر کے مرکز کے قریب واقع یہ سرنگ تہران میٹرو کے ایک سٹیشن کو امام خمینی ہسپتال سے ملا دے گی۔ اس طرح طبی سہولت تک براہِ راست زیرِ زمین رسائی ممکن ہوگی۔ تہران سٹی کونسل کے ٹرانسپورٹ کے سربراہ نے میڈیا کو بتایاکہ ملک میں پہلی بار تہران میں دفاعی انتظامات کے پیشِ نظر ایک سرنگ بنائی جا رہی ہے۔ گذشتہ مہینے اسرائیل نے ایران میں اپنا پہلا باضابطہ طور پر تسلیم شدہ حملہ کیا تھا جس میں تہران کے قریب اور ملک کے مغرب میں میزائل فیکٹریوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔