ایرانی سکیورٹی کے ہاتھوں زاہدان میں 82 افراد ہلاک : ایمنسٹی

   

تہران : ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جمعرات کو کہا کہ ایرانی سکیورٹی نے مشرقی شہر زاہدان میں 82 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ 30 ستمبر کو کم از کم 66 افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔ تنظیم نے مزید کہا کہ زاہدان میں ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے ’’زیادہ‘‘ ہے۔ اس نے جو شواہد اکٹھے کیے ہیں وہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کو ’’قتل یا شدید نقصان پہنچانے کے واضح ارادہ‘‘ کو ظاہر کرتے ہیں۔تنظیم نے وضاحت کی کہ ایرانی حکام احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش میں ’’جعلی اکاؤنٹس‘‘ پھیلا رہے ہیں۔یورپی پارلیمنٹ نے برسلز سے مطالبہ کیا کہ مہسا امینی کی موت میں ملوث ایرانی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کی جائیں اور ایران میں اس کی موت سے ہونے والے مظاہروں کو کچلنے سے روکا جائے۔اسٹراسبرگ میں یورپی اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس کے ذریعہ ووٹنگ کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ ایرانی حکام خاص طور پر وہ تمام لوگ جو ’’اخلاقی‘‘ پولیس سے وابستہ ہیں اورمہسا امینی کی موت کے ذمہ دار ہیں انہیں یورپی یونین میں بلیک لسٹ کیا جائے۔