خانقندی۔ 5 جولائی (یو این آئی) ایران کے صدر پیزشکیان نے اسرائیلی ’جرائم‘ کے خلاف مسلم اتحاد کا مطالبہ کیا ہے ۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہوں کے تازہ ترین اجلاس کیلئے آذربائیجان میں ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے ترک اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں میں اسرائیل کے خلاف مسلمان ممالک میں اتحاد کا مطالبہ کیا۔ پیزیشکیان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کو بتایا کہ مسلم اکثریتی ممالک میں وسیع وسائل کے ہوتے ہوئے یہ افسوس کی بات ہے کہ صہیونی حکومت نے غزہ اور ہزاروں بچوں اور خواتین کے قتل عام میں جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے اپنی 12 روزہ جنگ کے دوران ایران پر اسرائیل کے حملوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ یہ جارحیت امریکہ اور یورپ کی طرف سے واضح حمایت کے ساتھ ، اور بین الاقوامی اصولوں اور قواعد کی مکمل خلاف ورزی کے ساتھ کی گئی تھی۔ پیزشکیان نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو بتایا کہ ایران نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے ۔
ای سی او سربراہی اجلاس : ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت
تہران ۔ 5 جولائی (ایجنسیز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس میں تمام ممالک نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اقتصادی تعاون تنظیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم ہمسائیگی اور سفارتکاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے ای سی او کے حوالے سے مزید کہا کہ ایک ساتھ مل کر تجارت، ڈیجیٹل اینوویشن، سیاحت، ٹرانزٹ کے معاملات میں کافی کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی سرزمین پر وسیع پیمانے پر 12 دن تک جاری رہنے والے حملوں میں نیوکلیر تنصیبات کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں ہمارے 900 سے زائد شہری شہید ہوئے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جب اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی تو ہمیں تنظیم میں شامل ممالک کی ٹھوس حمایت ملی۔