نئی دہلی، 30 ستمبر (یو این آئی) گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس)، ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور مرکزی خفیہ ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی میں ہندوستان کے خصوصی اقتصادی زون میں ایک ایرانی کشتی سے 526 کلو میتھامفیٹامائن اور ہیروئن ضبط کی گئی۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امِت شاہ نے چہارشنبہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نوجوانوں کو نشے کے خطرے سے بچانے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی لکشدیپ سے 160 سمندری میل شمال مغرب اور ممبئی سے 490 سمندری میل جنوب مغرب میں ہوئی۔ کارروائی میں پانچ پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ معاملے میں آگے کی تفتیش جاری ہے ۔
گجرات کے ساحل پر ایک ایرانی جہاز سے کوسٹ گارڈس نے منشیات کی بڑی مقدار ضبط کی اور پانچ پاکستانی عملہ کو گرفتار کرلیا۔
چھوٹی بچت اسکیموں پر سود کی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں
نئی دہلی، 30 ستمبر (یواین آئی) مرکزی حکومت نے اپنی مختلف مختصر بچت اسکیموں پر رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی (اکتوبر-دسمبر 2026) کے لیے سود کی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے ۔وزارت خزانہ کے بدھ کو جاری کردہ ایک آفس میمورنڈم کے مطابق ان اسکیموں پر سود کی شرحیں موجودہ سطح پر ہی برقرار رہیں گی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالیاتی سال سے لے کر اب تک اسمال بچت اسکیموں کی سود کی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ایک سال کی میعادی جمع پر سود کی شرح 6.9 فیصد، دو سال کی جمع پر 7.0 فیصد، تین سال کی جمع پر 7.1 فیصد، پانچ سال کی جمع پر 7.5 فیصد، پانچ سالہ ریکرنگ ڈپازٹ اسکیم پر 6.7 فیصد، پانچ سالہ نیشنل سیونگز سرٹیفکیٹ اسکیم پر 7.7 فیصد اور پبلک پراویڈنٹ فنڈ (پی پی ایف) پر 7.1 فیصد سود کی شرح لاگو رہے گی۔
اس کے علاوہ پانچ سالہ سینیئر سیٹیزنز سیونگز اسکیم پر سود کی شرح 8.2 فیصد اور سوکنیا سمردھی کھاتہ اسکیم پر 8.2 فیصد سود کی شرح برقرار رہے گی۔