کابل : اس واقعہ کیلئے ایران اور طالبان، دونوں نے ایک دوسرے پر پہلے فائرنگ کرنے کا الزام لگایا۔ طالبان کا کہنا ہے ان کا ایک سرحدی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ گزشتہ ایک برس کے دوران سرحد پر کئی بار تصادم ہو چکا ہے۔ایران کے سرحدی محافظوں اور افغانستان میں طالبان فورسز کے درمیان اتوار کو سرحد پر جھڑپ ہو گئی، جس میں طالبان نے اپنے ایک محافظ کی ہلاکت اور ایک اور سرحدی اہلکار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔تہران اور طالبان دونوں نے اس کیلئے ایک دوسرے پر پہلے فائرنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔ میڈیا نے ایران کی مشرقی کاؤنٹی ہرمند کے گورنر میثم برازندی کے حوالے سے بتایا ہیکہ ’’تصادم مختصر تھا اور ختم ہو گیا ہے‘‘۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ جھڑپیں سرحد کے ایرانی جانب صوبہ سیستان بلوچستان کے جنوب مشرقی حصے میں ہرمند کے علاقے شغلاک میں ہوئیں۔ برازندی نے کہا کہ ہمارے فورسز نے جواباً فوری ضروری کارروائی کی اور بتایا کہ اس واقعہ میں ایران کی طرف’’کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے‘‘۔ میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ طالبان فورسز نے سرحد پر دست محمد نامی گاؤں کے مکانات پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ’’کئی منٹ ‘‘ فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔