ایران: تباہ ہوئے جہاز کی تفتیش کیلئے بوئنگ کو پیشکش

   

تہران ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے اہلکاروں کو پیشکش ہے کہ وہ اسی ہفتے تہران کے قریب تباہ ہوئے طیارے کی تحقیقات کے لیے ایران کا دورہ کریں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے یوکرینی حکام اور بوئنگ دونوں کو تفتیش میں شرکت کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشرفت چند مغربی رہنماؤں کی جانب سے ایسا خدشہ ظاہر کرنے کے بعد سامنے آئی کہ تباہ ہونے والے جہاز کو ایران نے ’خطرہ‘ سمجھ کر میزائل سے نشانہ بنایا۔ امریکی، کینیڈین، برطانوی اور آسٹریلوی اعلی قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر ایران نے یہ جہاز مار گرایا۔ جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے میں یوکرائنی ایئر لائن کے جہاز پر سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شام: فضائی حملے میں حشد الشعبی فورس کے آٹھ اہلکار ہلاک
طرابلس ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی شام میں آج جمعہ کی صبح ہونے والے ایک فضائی حملے میں نیم فوجی دستوں کے کم از کم آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق عراقی حشد الشعبی فورس سے ہے۔ یہ حملہ گاڑیوں کے ایک قافلے پر البو کمال کے علاقے میں کیا گیا۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا۔