ایران میں یوکرین کا طیارہ حادثے کا شکار ، 180 ہلاک، ایرانی طلبہ کی اکثریت

,

   

کیف /تہران ، 8 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ایران کے دارالحکومت تہران کے خمینی ہوائی اڈے کے نزدیک چہارشنبہ کو یوکرین کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کی وجہ سے اس میں سوار تمام 180 مسافروں کی موت ہو گئی ۔مقامی میڈیا کے مطابق یوکرین کا طیارہ بوئینگ 737-800 جیٹ پرواز کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا ۔ یہ حادثہ تہران کے جنوب مغربی مضافاتی علاقے پا رند کے نزدیک پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین بین الاقوامی ایئر لائن کے طیارے بوئینگ 732 نے مقامی وقت کے مطابق 5 بجکر 15 منٹ پر پرواز کی ۔ یہ طیارہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں واقع بوریسپل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لئے روانہ ہوا تھا کہ اچانک یہ حادثہ کا شکار ہو گیا ۔ ایرانی ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان رضا ظفر زادہ نے کہا‘‘ واقعہ کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محکمہ قومی ہوا بازی کی ایک تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ۔ ہم آنے والے بلیٹن میں مزید معلومات دیں گے ۔اس حادثے کی وجوہات طیارے میں تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پائلٹ عملے کے تمام اراکین بھی شامل ہیں ۔ حادثے کے وقت طیارے میں کل 180 افراد سوار تھے ۔ یہ حادثہ ایران کی جانب سے عراق میں میں واقع امریکی اور اتحادی افواج کے دو ٹھکانوں پر کئے گئے کئی میزائل حملوں کے چند گھنٹوں کے اندر ہی پیش آیا ہے ۔

حادثہ کا شکار یوکرین طیارہ کے بلیک باکس مل گئے
تہران ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے حادثہ کا شکار یوکرین طیارہ کے بلیک باکس کا پتہ لگالیا ہے جو چہارشنبہ کو ایرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ 737 طیارہ کے دونوں بلیک باکس مل گئے ہیں ۔ ایرانی حکام کے ترجمان رضا جعفر زادہ نے اسناء خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے یہ بات بتائی ۔ کیف کے لئے اپنی پرواز پر جارہا طیارہ حادثہ کا شکار ہوکر ایک کھلے میدان میں گر پڑا جو امام خمینی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے 45 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ طیارہ پر موجود تمام مسافرین بشمول عملہ ہلاک ہوگئے جن کی تعداد 180 بتائی گئی ہے۔