ریاض،15 جون (ایجنسیز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کے روز ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور مستقل معاہدے کے حصول کے لیے تفصیلی مذاکرات شروع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ یہ پیش رفت خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مملکت ایسے پائیدار امن کی خواہاں ہے جو علاقائی اور عالمی سطح پر استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنائے۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ خطے میں مستقل اور پائیدار استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔سعودی عرب نے حال ہی میں ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔