ایران پر امریکہ وکینیڈا کے بعدبرطانیہ کی بھی پابندیاں

   

تہران: اسرائیل پر حالیہ ایرانی حملے کے بعد برطانیہ نے بھی ایران کی ڈرون اور میزائل بنانے کی صنعتوں کے خلاف پابندیوں کے نئے پیاکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے پہلے ایرانی ڈرون اور میزائل بنانے کی صنعتوں کو پابندیوں کا نشانہ بنانے کا اعلان امریکہ اور کینیڈا نے کیا تھا۔جمعرات کو برطانیہ بھی امریکہ اور کینیڈا کا اس معاملے میں ساتھی بن گیا ہے۔تہران نے اسرائیل کی طرف سے دمشق میں اپنے قونصل خانے پر یکم اپریل کو ہونے والے حملے کے جواب میں اسرائیل پر اپنا پہلا براہ راست فوجی حملہ کیا تھا۔ایران کی طرف سے اسرائیل کو دیے گئے جواب کے بعد بالعموم ایرانی پاسداران انقلاب کور کو ہی اس حملے کا ذمہ دار قرا دیا گیا ہے۔ دمشق میں پاسداران انقلاب کے سات ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔جن میں دو سینئر حکام بھی شامل تھے۔بعد ازاں ایران کے اسرائیل پر کیے گئے بڑے پیمانے پر حملے میں 300 سے زیادہ ڈرون اور میزائل شامل تھے۔