واشنگٹن: 28 اگست ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی فوجی کارروائیاں ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے کا یہ مطلب نہیں کہ امریکہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی ختم کردی ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ فوجی اور معاشی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے بعد ایران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ملک کی فوجی صلاحیت بھی محدود ہوگئی ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران اپنے فوجیوں کو تنخواہیں ادا کرنے کی صورتحال میں بھی مشکلات کا شکار ہے۔ ان کے بقول ایران ’’گہری مشکلات‘‘ میں ہے اور اس کی فوجی صلاحیت بہت کم رہ گئی ہے۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کا دوبارہ کھل جانا ایران کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کے خاتمے کی ضمانت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمز کھلا ہونے کے باوجود اس بات کا مطلب نہیں کہ امریکا نے ایران کے ساتھ فوجی معاملہ مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔ٹرمپ کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف آئندہ ممکنہ فوجی اقدامات کا آپشن اب بھی کھلا رکھنا چاہتا ہے۔ امریکی صدر نے فوری طور پر تہران کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو بھی مسترد کیا ہے۔ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی میں آبنائے ہرمز کا معاملہ خاص اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ یہ سمندری گزرگاہ عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کے ذریعے خلیج فارس سے بڑی مقدار میں تیل عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے۔
ایران نے ٹرمپ کے بیٹے کے قتل کی مبینہ سازش ، مسترد کر دی
تہران : 28اگست ( یو این آئی ) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے چھوٹے بیٹے بیرن ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کی اطلاعات کو جھوٹ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کی جانب سے ان اطلاعات کو مسترد کیا گیا ہے۔ایران انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق محسن رضائی نے لبنان کے ’المنار ٹی وی‘ پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو کے دوران ایسی اطلاعات کو جھوٹ قرار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ایرانی سرکاری ٹی وی پر ایک ویڈیو نشر ہوئی تھی جس میں 20 سالہ بیرن ٹرمپ کے خلاف مبینہ سازش کا ذکر کیا گیا تھا۔ویڈیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے چھوٹے بیٹے بیرن ٹرمپ کے قتل پر 10 ملین ڈالرز کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔مبینہ ویڈیو میں ٹرمپ ٹاور اور بیرن کے اسکول و دیگر مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی۔