ایس آئی آر :راجستھان میں بی ایل اوز کا اہم کردار :گیانیش کمار

   

جے پور، 20 جون (یو این آئی) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایس آئی آر کے دوران راجستھان کو پہلی پوزیشن دلانے میں بوتھ سطحی افسران (بی ایل اوز) کا اہم کردار رہا ہے ۔ جے پور میں منعقدہ بی ایل او مکالمہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی ایل اوز ملک کے جمہوری نظام کی بنیاد ہیں اور الیکشن کمیشن اور ووٹروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ایس آئی آر مہم کی کامیابی پر بی ایل اوز کی ستائش کرتے ہوئے اضافی اعزازیہ فراہم کرنے پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر راجستھان کے چیف الیکٹورل آفیسر نوین مہاجن نے کہا کہ بی ایل اوز کی محنت کی بدولت ریاست نے مقررہ وقت سے سات دن پہلے ہی ایس آئی آر کا کام مکمل کر لیا۔ قابلِ ذکر ہے کہ راجستھان نے ایس آئی آر کے مختلف مراحل میں ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریاست میں 52 ہزار 490 بی ایل اوز کی کوششوں سے 5.48 کروڑ ووٹروں کے لیے یہ عمل کامیابی کے ساتھ وقت سے پہلے مکمل کیا گیا، جبکہ حتمی ووٹر فہرست میں ووٹروں کی تعداد 5.17 کروڑ درج کی گئی۔