ایس آئی او کے قیام کے 40 سال کی تکمیل پر آئندہ ماہ دو روزہ کانفرنس کا اعلان

   


مولانا حامد محمد خان نے پوسٹر جاری کیا، ریاستی صدر طلحہ فیاض الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے قیام کے 40 سال کی تکمیل کے موقع پر ملک بھر میں مختلف پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اِن پروگراموں کا مقصد سماج میں نوجوان نسل کو اُن کی ذمہ داریوں سے واقف کرانا اور تنظیم سے قریب کرنے کی کوشش ہے۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور شہری علاقوں میں کانفرنس اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں دو روزہ کانفرنس بعنوان “Igniting Change” بتاریخ 22 اور 23 اکٹوبر ہفتہ اور اتوار منعقد ہوگی۔ ریاستی سطح ایس آئی او ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے پریس کانفرنس میں تفصیلات سے واقف کروایا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے دو روزہ کانفرنس کا پوسٹر جاری کیا۔ طلحہ فیاض الدین نے بتایا کہ 1982 ء میں ایس آئی او کا قیام عمل میں آیا اور جاریہ سال قیام کے 40 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اِس طویل مدت میں تنظیم نے مختلف میدانوں میں ملت اور بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کی رہنمائی کی ہے۔ تعلیمی اداروں میں پالیسی سازی پر توجہ دی گئی تو دوسری طرف تعلیمی اداروں کو سماجی طور پر حساس بنانے اور سماجی مسائل کے بارے میں طلبہ کو باشعور بنانے کی کوشش مہم چلائی گئی۔ مسلم طلبہ اور نوجوانوں میں دینی حمیت بیدار کرنے اور حصول تعلیم کے مقاصد کو اُجاگر کرنے پر توجہ دی گئی۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی مولانا حامد محمد خان نے کہاکہ ایس آئی او سماج کی تعمیر نو کا عزم رکھتی ہے اور اِس عزم کے ساتھ طلبہ اور نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت کی جارہی ہے۔ دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن اسلامی و ثقافتی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اسلامی تعلیمات اور مختلف مسائل کو چارٹس کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔ مختلف پروفیشنل سیشنس ہوں گے جس میں طلبہ اور نوجوانوں کی ماہرین تعلیم کے ذریعہ رہنمائی کی جائے گی۔ کانفرنس کے دوسرے دن عوامی سیشن رہیں گے جس میں ملک کی معروف شخصیات کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی ہے۔ کانفرنس کے دوران طلبہ کے لئے مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں ریاستی سکریٹری محمد قیام الدین، میڈیا کوآرڈی نیٹر محمد فراز احمد، صدر ایس آئی او حیدرآباد ڈاکٹر زبیر احمد خان اور کانفرنس کے کنوینر محمد حمادالدین موجود تھے۔ ر