امتحانی مراکز کے اطراف امتناعی احکام، پولیس اور محکمہ تعلیم میں بہتر تال میل کا مشورہ
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ریاست میں ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جس طرح انٹر میڈیٹ امتحانات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے اسی طرح ایس ایس سی امتحانات بھی منعقد کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں دسویں جماعت کے امتحانات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ باقی مضامین کے امتحانات کسی بھی مسئلہ کے بغیر مکمل کئے جائیں اور ہر ضلع میں احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں۔ امتحانی مراکز میں الیکٹرانک آلات اور موبائیل فون کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کئے جائیں اور ہر امتحانی مرکز میں کم از کم ایک کانسٹبل یا ہوم گارڈ کو تعینات کیا جائے۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ شانتی کماری نے کہا کہ امتحان کے بعد پیپرس کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو پولیس کے ساتھ بہتر تال میل برقرار رکھنا چاہیئے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو انٹر میڈیٹ امتحانات کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا، پرنسپل سکریٹری تعلیم بی وینکٹیشم، کمشنر محکمہ تعلیم دیوا سینا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1