ایس ایس سی طلبا کو گریڈ کی تیاریاں

,

   

اندرون ایک ہفتے گریڈز و مختصر میمو کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاستی حکومت کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات کو منسوخ اور تمام طلبا کو انٹرنل مارکس کی بنیاد پر پاس کردینے کے فیصلے کے بعد حکام اب جاریہ ہفتے گریڈ پوائنٹس کا اعلان کرنے کی تیاری شروع کرچکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ گریڈ پوائنٹس کا تعین کرنے کا کام پیر سے شروع ہوگا اور دو دن میں اسے مکمل کرلیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں تمام اسکولس سے طلبا کے انٹرنل اسسمنٹ مارکس حاصل ہوچکے ہیں۔ ان مارکس کی بنیاد پر جملہ نشانات کا شمار کیا جا رہا اہے اور ان کے مطابق طلبا کو گریڈ دیا جائیگا ۔ اس کام کیئلے چند دن ہی درکار ہونگے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طلبا کو جاریہ ہفتے ایک مختصر میمو دیا جائیگا اور یہ میموز اسکولس کو بھی روانہ کئے جائیں گے ۔ حکومت کے احکام کے مطابق اس سال ایس ایس سی ‘ او ایس ایس سی اور ووکیشنل کے تمام طلبا کو پاس کردیا جائیگا ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے امتحانات کا انعقاد ممکن نہ ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان کردیا گیا ہے اور اب طلبا کو ان کے انٹرنل اسسمنٹ مارکس کی بنیاد پر گریڈز الاٹ کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے جس کا ایک ہفتے میں اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طلبا کو ہر سبجیکٹ میں انٹرنل جو مارکس حاصل ہوئے ہیں ان کی بنیاد پر گریڈ پوائنٹ دئے جائیں گے اور تمام مضامین کے گریڈ پوائنٹس کی بنیاد پر ایک مجموعی گریڈ دیا جائیگا ۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے صرف تین پرچے ممکن ہوسکے تھے ۔ ان میں زبان اول کے دو پرچے اور زبان دوم کا ایک پرچہ ہوا تھا ۔ یہ امتحانات مارچ میں ہوئے تھے جس کے بعد ہائیکورٹ کی ہدایت پر امتحانات کو پہلے ملتوی کیا گیا ۔ بعد میں انعقاد کی کوشش کی گئی تاہم عدالت کی جانب سے شرائط لاگو کرنے کے بعد امتحان منسوخ کردئے گئے تھے ۔