ایس ایس سی طلبہ کو پروموٹ کرنے سے سرپرستوں میں خوشی کی لہر

   

برقی اور آبرسانی کے بلز معاف کرنے ہنمنت رائو کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے بغیر طلبہ کو پروموٹ کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ موجودہ صورتحال میں طلبہ اور اولیائے طلبہ میں تشویش پائی جاتی تھی۔ ایسے موقع پر حکومت نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے 5 لاکھ سے زائد طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں اس فیصلے سے مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں مزید نرمی سے کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی۔ ہوٹلس، مالس اور مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بازاروں میں سماجی فاصلے کے بغیر عوام کے ہجوم سے کورونا کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔ کے سی آر حکومت عوامی زندگی سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے برقی اور آبرسانی کے بلز کی اجرائی کے لیے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہنمنت رائو نے صدر مجلس اسد اویسی کو مشورہ دیا کہ وہ برقی اور آبرسانی کے بلز کی معافی کے لیے چیف منسٹر پر دبائو بنائے۔ انہوں نے کورونا سے فوت ہونے والے صحافی منوج کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت رائو اپنی جانب سے 25 ہزار روپئے کی مالی مدد کریں گے۔