ایس سی ایس ٹی طبقات کے حقوق کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت

   

سنگاریڈی میں ضلع کلکٹر ، ایس پی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے ریاستی ایس سی ایس ٹی چیرمین بی وینکیا کا خطاب
سنگاریڈی 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین بکی وینکیا نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ضلع میں ایس سی، ایس ٹی مظالم سے متعلق مقدمات کو تیزی سے نمٹایا جائے اور متاثرین کو حکومت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا معاوضہ مقررہ وقت پر دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی طبقات کو انصاف کی فراہمی کے لیے ریونیو اور پولیس کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔سنگا ریڈی کلکٹریٹ کے اجلاس ہال میں ضلع کلکٹر پرتیک جین اور ضلع ایس پی پریتوش پنکج کے ہمراہ بکی وینکیا نے پولیس، ریونیو، ایس سی، ایس ٹی ترقی و بہبود سمیت مختلف محکموں کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ایس سی، ایس ٹی طبقات سے متعلق اراضی کے مسائل، ایٹراسٹی مقدمات، روسٹر پوائنٹس پر عمل درآمد، بیک لاگ خالی آسامیوں، ایس سی، ایس ٹی سب پلان فنڈز اور فلاحی و ترقیاتی پروگراموں پر محکمہ وار جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقات کے عوام کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے عہدیدار ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ ایٹراسٹی مقدمات میں متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کے ساتھ ضروری فنڈز کے لیے حکومت کو تجاویز روانہ کی جائیں۔ انہوں نے کلکٹر اور ایس پی کو ایس سی، ایس ٹی سے متعلق مقدمات کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔انہوں نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ستیہ نارائنا کو ہدایت دی کہ سدی پیٹ میں موبائل کورٹ کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں میں ایس سی، ایس ٹی طبقات کو ان کے کوٹے کے مطابق ترجیح دینے اور ایس سی، ایس ٹی عوام کو ان کے حقوق اور حکومت کی جانب سے نافذ کی جانے والی فلاحی اسکیموں سے متعلق وسیع پیمانے پر شعور بیدار کرنے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں ضلع کے ایس سی، ایس ٹی ریزیڈنشیل اسکولوں اور ہاسٹلز میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، یونیفارم، کتابیں، بنیادی ڈھانچہ، اسکالرشپس اور ہاسٹل عمارتوں کی مرمت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی گئیں۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین نے بتایا کہ اراضی حصول کے دوران اسائنڈ زمینوں سے محروم ہونے والے ایس سی، ایس ٹی افراد کو انصاف دلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے ضلع میں رواں سال اب تک درج کیے گئے ایس سی، ایس ٹی ایٹراسٹی مقدمات کی تفصیلات کمیشن کے چیئرمین کو پیش کیں۔ بعد ازاں ریاستی ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین بکی وینکیا نے ایس سی، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے مختلف مسائل پر درخواستیں وصول کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرس سنگیتا اور پانڈو، ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے اراکین شنکر اور رام بابو نائک، ضلع سماجی بہبود افسر اکھیلیش ریڈی، قبائلی بہبود افسر رامیشوری دیوی، ضلع کے مختلف عہدیدار، آر ڈی اوز، میونسپل کمشنرز اور دلت تنظیموں کے قائدین سمیت دیگر موجود تھے۔