ایس وی ایس ہاسپٹل محبوب نگر میں 3.0 اسکیاننگ مشین کا افتتاح

   

قلب کے مریضوں کو فائدہ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا تقریب سے خطاب

محبوب نگر ۔ 21 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پریس وی ایس ہاسپٹل میں عصری ٹکنالوجی سے آراستہ 3.0 ٹیسلا اسکیاننگ مشین کی فراہمی خوش آئند ہے اور اس کا افتتاح کرتے ہوئے میں مسرت محسوس کررہا ہوں۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشین کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا نتیجہ صد فیصد حقیقی ہوتا ہے۔ قلب کے مرض کے لئے انجیوگرام کروانے کی ضرورت نہیں ہوتی اس کی رپورٹ ہی کافی ہوتی ہے۔ حیدرآباد کی نوعیت پر جدید ٹکنالوجی والی اس اسکیاننگ مشین کو انتہائی کم قیمتوں پر غریب عوام کے لئے پیش کرنا ایس وی ایس مینجمنٹ کا قابل ستائش اقدام ہے۔ آرتھوپیڈک ڈاکٹر کی حیثیت سے ڈاکٹر کے جے ریڈی جو دونوں تلگو ریاستوں میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں قومی سطح پر شہرت رکھتے ہیں اور ان کا تعلق ہمارے ضلع سے ہے ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب مستقر محبوب نگر پر 500 کروڑ کے صرفہ سے سوپر اسپشالٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کے جے ریڈی، وینکٹ ریڈی، ڈائرکٹر رام ریڈی و دیگر موجود تھے۔