بنگلورو: توقع کے مطابق نوجوان ایشان کشن آئی پی ایل نیلامی کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ ایشان کیلئے بولی کا نمبر آیا تو ممبئی نے شروعات کی۔ پانچ کروڑ روپئے تک بولی چلی۔ اس دوڑ میں ٹائٹنس بھی شامل ہوگئے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے بولی 10کروڑ کے پار ہوگئی۔ ممبئی نے 15 کروڑ 25 لاکھ روپئے میں ایشان کو خرید کر اپنے پاس برقرار رکھا۔ جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بیاٹر فاف ڈوپلیسی کو بنگلور نے 7 کروڑ میں خریدا۔ ٹیم کیپٹن ویراٹ کوہلی کو اب ایک جاریہ اوپنر مل گیا ہے۔ نیلامی میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو جگہ نہیں ملی۔ امباٹی رائیڈو چینائی میں واپس ہوئے ۔
پنجاب نے دھون کو 8.25 کروڑ میں خریدا
اوپنر شکھر دھون نیلامی میں شامل ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ راجستھان رائلز نے 2 کروڑ کی بنیادی قیمت کے ساتھ بولی شروع کی اور دہلی کیپٹلز
کے ساتھ مسابقت چھڑ گئی۔ دہلی نے 3 کروڑ روپے کی بولی لگائی۔ دونوں ٹیمیں دھون کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتی تھیں اور مسابقت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہاتھا۔ بولی 5 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔ کافی غور و خوض کے بعد راجستھان رائلز نے ہاتھ اٹھائے اور پنجاب کنگز میدان میں اترا۔ پنجاب کنگز نے شکھر دھون کو 8 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خریدکر دھون کو مینک اگروال کا اوپننگ پارٹنر بنایا۔
وارنر کو دہلی نے 6.25 کروڑ میں خریدا
نیلامی کے آخری اسٹار کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کا نمبر آنے پر لیفٹ ہینڈ اوپنردھون کے متبادل کی تلاش میں دہلی نے شروعاتی بولی لگائی اور چینائی اُن کے پیچھے پیچھے چلی آئی۔ دہلی نے تو ذہن بنالیا تھا اور 6.25کروڑ کی بولی لگاکر وارنر کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ اس مرتبہ ان کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپئے تھی اور اب وہ وارنر دہلی کیلئے کھیلتے نظر آئیں گے ۔
ڈی کاک اور لوکیش راہول لکھنو کیلئے اوپننگ کریں گے :سنجیو گوینکا
نئی فرنچائزی لکھنؤ سوپر جائنٹس کے مالک سنجیو گوینکا نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک آئی پی ایل 2022 کے سیزن میں ٹیم کے کپتان لوکیش راہول کے ساتھ اوپننگ کریں گے ۔ وہ ہمارے دوسرے ریزرو وکٹ کیپر بن جائیں گے ۔ لکھنؤ نے ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو 8.75 کروڑ روپئے میں، ڈی کاک کو 6.75، دیپک ہوڈا کو 5.75 اور منیش پانڈے کو 4.60 کروڑ میں خریدا ہے ۔
سمیع کیلئے گجرات کی 6.15کروڑ کی کامیاب بولی
نیلامی میں جب ٹیم انڈیا کے پیس بولر محمد سمیع کا نمبر آیا کولکاتا اور لکھنو میں مسابقت ہوئی۔ اس درمیان بنگلور نے 6 کروڑ کی بولی لگائی۔ تاہم، آخری وقت میں سمیع کو نئی فرنچائزی گجرات ٹائٹنز نے 6.15 کروڑ روپئے میں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔
شریاس : کولکاتا نے 12.25 کروڑ میں خریدا
شریاس ائیر کو کے کے آر کیپٹن کے طور پر شامل کیا گیا۔ آر سی بی نے بولی شروع کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے قیمت 4 کروڑ سے اوپر چلی گئی۔ دہلی کے ساتھ لکھنو بھی میدان میں اترا۔ دہلی نے صرف قیمت بڑھانے کیلئے ایک اور بولی لگائی۔ اور گجرات ٹائٹنز نے 10 کروڑ کی بولی لگائی۔ شریاس اس نیلامی میں 10 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے ۔ آخر کار وہ 12 کروڑ 25 لاکھ میں شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ کی ٹیم کے کیمپ میں پہنچ گئے ۔
اشوین اور بولٹ کو راجستھان نے خریدا
اسپنر روی چندرن اشوین اور نراجستھان کیلئے 5 کروڑ روپئے میں کھیلیں گے ۔ اس ٹیم میں جاس بٹلر بھی ہیں۔ راجستھان نے ٹرینٹ بولٹ کو 8 کروڑ میں خریدا ۔ جنوبی افریقہ کے اسٹار بولر کگیسو رباڈا کو پنجاب نے 9.25 کروڑ میں خریدا۔ آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو طویل مسابقت کے بعد کولکاتا نے 7 کروڑ 25 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
نیلامی کرنے والے ہیو ایڈمیڈزاسٹیج سے
بے ہوش ہوکر گرگئے
دوسرے سٹ کی بولی جاری تھی کہ نیلامی کرنے والے ہیو ایڈمیڈز اسٹیج سے بے ہوش ہوکرگئے۔ اس موقع پر لنچ بریک لے لیا گیا۔ 2018کی نیلامی کے بعد سے ایڈمیڈز یہ رول اداکررہے ہیں۔ ایڈمیڈز کو بلڈ پریشر کا عارضہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایڈمیڈز کی حالت مستحکم ہے اور وہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ چنانچہ آئی پی ایل کیلئے دوسرے سٹ کی ذمہ داری کمنٹیٹر چارو شرما کو سونپی گئی ۔