ایشز سیریز : انگلینڈ کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف

   

تین سال بعد واپسی کرنے والے عثمان خواجہ نے دھوم مچا دی

سڈنی : ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے بیٹر عثمان خواجہ کی مسلسل دوسری اننگز میں سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 388 رنز کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چوتھے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بنائے تاہم جواب میں مہمان ٹیم انگلینڈ 294 رنز بنا سکی، اس طرح آسٹریلیا کو 122 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز 265 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کے 388 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔واضح رہے کہ رواں سال ایشز سیریز میں پہلے تین ٹسٹ جیت کر آسٹریلیا کی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف تین صفر کی برتری حاصل ہے۔ قبل ازیں انگلینڈ کیخلاف ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ میں جگہ بنانے والے عثمان خواجہ نے کرکٹ کے میدان میں اپنی شاندار واپسی سے دھوم مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سینچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی شاندار سنچری بنائی، دونوں اننگز میں سنچریاں عثمان خواجہ کے لئے نہ صرف اس لئے بھی اہمیت کی حامل ہیں کہ ان کی کم وبیش دو سال بعد آسٹریلوی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے بلکہ انہوں نے ٹریوس ہیڈ کی جگہ اپنی سلیکشن کو بھی درست ثابت کر دیا ہے۔میچ سے قبل آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ ٹریوس ہیڈ کی جگہ ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ میں کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہوں، اگر موقع دیا گیا تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، صورتحال کو سمجھتا ہوں‘ہوسکتا ہے سنچری کر جاؤں اور انہوں نے ایسا کر دکھایا۔عثمان خواجہ نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں 101 کے سکور کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔